ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کھیل کے بعد اب شوبز میں بھی انٹری دینے کی تیاری مکمل کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی مایہ ناز کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا ’’ آلون ٹو گیدر‘‘ نامی ویب سیریز میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جسے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
پانچ اقساط پر مشتمل یہ سیریز ٹیوبر کلوسس (ٹی بی) کے موضوع پر مشتمل ہے جو کہ بھارتی چینل ایم ٹی وی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جنوری میں نشر کی جائے گی۔ اس میں ٹی بی کے موثر علاج سے متعلق عوامی آگاہی دی جائے گی۔ ثانیہ مرزا نے ویب سیریز میں انٹری سے متعلق تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کا لاحق ایک دائمی مرض ہے۔ ٹی بی میں مبتلا افراد کی نصف افراد کی عمر 30 سال سے بھی کم ہے یہی وجہ ہے کہ یہ بیماری نوجوان لوگوں کو زیادہ متاثر کر رہی ہے۔ اس بیماری سے متعلق لوگوں کا نظریہ اور سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے کے لحاظ سے آج ہماری نوجوان نسل ملک میں جاری وبا اور امراض کے بارے میں زیادہ حساس، باشعور اور آگاہی رکھتی ہے۔ وہ کسی وبا کی تباہ کاریوں سے بھی واقف ہے لیکن آج کے دور میں ٹی بی کے خلاف جنگ لڑنا قدرے مشکل ہوچکا ہے اور اسی وجہ سے میں نے ایک بااثر شخصیت کے طور پر آگے آنے کا فیصلہ کیا۔