الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کی بحالی میں معاون عرب اتحادی فوج نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی سعودی عرب پر ڈرون کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حوثی باغیوں کے 5 ڈرون طیارے مار گرائے۔
عرب اتحادی فوج کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے پانچ بمبار ڈرون سعودی عرب پر حملے کے لیے فضا میں چھوڑے۔ عرب اتحادی فوج اور سعودی عرب کے فضائی دفاع کے حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان ڈرون طیاروں کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی انہیں تباہ کر دیا۔
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی روک تھام اور سعودی شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنا مشن جاری رکھے گا۔
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے گذشتہ روز چار بمبار ڈرون سعودی عرب کی طرف بھیجے تھے جنہیں تباہ کر دیا گیاہے۔ عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈئر ترکی المالکی نے بتایا کہ تین ڈرون یمن کی حدود کے اندر مار گرائے گئے جب کہ ایک بمبار ڈرون کو یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر مار گرایا گیا۔
قبل زیں اتحادی فوج کے ترجمان نے الحدیدہ شہر سے بحر احمر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھیجی گئی دو بمبار کشتیوں کو تباہ کردیا تھا۔ انہوں نے بمبار کشتیوں کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کو دہشت گردی اور خطے میں بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔