اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 افراد وائرس سے جاں بحق ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29378 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2050 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 33 افراد انتقال کرگئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7193 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 61082 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1010 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 156528 ہوگئی ہے جب کہ 2751 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 111047 ہے اور 2492 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16449 اور ہلاکتیں 156 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 42615 اور 1315 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5538 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 126 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4461 اور 93 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 24444 ہے اور اب تک 260 مریض انتقال کر چکے ہیں۔