کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ میں کورونا کے کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ روز کورونا کیسز کی مثبت شرح 6.20 فیصد تک جا پہنچی ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 13 نومبر سے کورونا کیسز کی مثبت شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ، 12 نومبر کو کورونا کے کیسز کی شرح 4.06 فیصد جب کہ 7 نومبر کو شرح 4.93 فیصد ریکارڈر کی گئی تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں ماہ کے برعکس اکتوبر میں کیسزکی شرح 1.9 فیصد سے 3.1 فیصد کے درمیان تھی۔
محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو وائرس کی شرح میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس جولائی میں سندھ میں کورونا کیسزکی مثبت شرح میں 6.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا ۔
خیال رہے کہ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 29378 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2050 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 33 افراد انتقال کر گئے ہیں۔