ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی حالیہ 6 سالوں سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ملک ہے۔
صدر ایردوان نے، سعودی عرب کی زیرِ میزبانی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ جی۔20 سربراہی اجلاس میں استنبول وحدت الدین ریذیڈینسی سے براہ راست شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وباء نے غربت اور عدم مساوات کی طرح متعدد مسائل کو مزید گھمبیر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ 6 سالوں سے ترکی دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ جنگوں سے متاثرہ اور خطرات کے شکار علاقوں کے لئے انسانی امداد کے مالیاتی وسائل کو تقویت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ترکی واحد نیٹو اتحادی ملک ہے کہ جو شام میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف نبرد آزما ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے، اختلافات کے سدباب اور استحکام کی تقویت کے لئے ہم نے ہر ممکنہ کوشش کی ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ تنہا چھوڑے جانے کے باوجود ترکی نے 9 ہزار دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے ملکوں کو واپس بھیجا ہے۔
ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جدوجہد میں بھی ترکی کے فعال کردار کا ذکر کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جدوجہد کے دوران نئی حق تلفیوں اور نئے دوہرے معیاروں کی تشکیل کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔