سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد اور مُملکت کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز نے نیوم شہر میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے مشرق وسطی کے خطے میں ہونے والی پیشرفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات اور مخلتف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ولی عہد اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے موقعے پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ اور ولی عہد کے سیکرٹری بندر بن عبید الرشید نے بھی شرکت کی جب کہ امریکا کی طرف سے سعودی عرب میں تعینات امریکی سفیر جون ابھی زید بھی موجود تھے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے گذشتہ ہفتے غیر ملکی دوروں کاآغاز کیا تھا۔ان کے دورے میں فرانس، ترکی ، اسرائیل ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت سات ممالک شامل ہیں۔
ہفتے کے روزانہوں نے امارات کے دورے کے دوران ابو ظبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید النہیان سے سے ملاقات کی تھی۔
دونوں رہ نمائوں نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ دو طرفہ تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا۔