واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرف داری اور تعصب برتنے کے الزامات اورامداد بند کرنے کی دھمکیوں کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ کرونا کے عالمی بحران کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کےڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانوم گیبریوس نے امریکی صدر کے بیان کے جواب میں تین نکاتی رد عمل جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے خلاف قومی اور عالمی سطح پر تمام ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔ ‘کوویڈ 19’ کے بحران کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرنا ہوگا اور اس عالمی وباء کے خلاف مخلصانہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی لیڈروں بالخصوص چین اور امریکا کوشفافیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کسی بھی ملک کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ کرونا وباء کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرے۔
خیال رہے کہ منگل کے روز وائٹ ہائوس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرف داری کرنے اور تعصب برتنے کا الزام عاید کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے دھمکی دی تھی وہ ‘ڈبلیو ایچ او’ کو دی جانے والی امداد روک سکتےہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم عالمی ادارہ صحت کی امداد روکنے پرغور کررہے ہیں مگر اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ عالمی ادارہ صحت کرونا وائرس کے معاملے میں چین کی طرف داری کررہا ہے اور یہ اچھا نہیں۔
واضح رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو امداد دینے والا سب سے بڑا ملک ہے۔