ساؤ پولو (اصل میڈیا ڈیسک) برازیل کے شہر ساؤ پولو میں ایک بس ٹیکسٹائل کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو لے کر جا رہی تھی تبھی وہ ٹرک سے ٹکرا گئي۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آخر یہ ٹکّر کیوں اور کیسے ہوئی۔
برازیل کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی علاقے میں بدھ 25 نومبر کو ایک بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والی بھیانک ٹکر میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سات بجے ایک بس ٹیکسٹائل کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو ان کی فیکٹری لے کر جا رہی تھی تبھی راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ حادثہ ساؤپولو سے 350 کلو میٹر کے فاصلے پر ٹیگوائی علاقے میں پیش آیا۔ اس وقت بس میں تقریبا ً50 ورکر سوار تھے۔ آگ پر قابو پانے والے مقامی عملے نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ”37 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے اور باقی تین افراد مقامی سطح کے ایمرجنسی اسپتال میں چل بسے۔” حکام کے مطابق شدید طور زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت کافی نازک ہے۔
اس حادثے سے متعلق ٹیلی ویژن پر جو تصاویر نشر کی گئی ہیں اس میں جائے حادثے کے پاس ٹوٹے ہوئے شیشے، بسوں کی سیٹیں اور دونوں گاڑیوں کے ٹوٹے ہوئے بعض حصے شاہراہ کے آس پاس بکھرے ہوئے پڑے تھے۔
جمعہ گیارہ ستمبر کی شام رونما ہونے والے اس سانحے کے بعد امدادی کارکن فوری طور پر متاثرہ مقام پر پہنچ گئے تھے۔ حکام نے حقائق جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے۔
مقامی پولیس ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا ہے، ”یہ بتانا قطعی ناممکن ہے کہ کون ٹرک میں تھا اور کون بس میں سوار تھا۔”
ساؤپولو کی گورنر جاؤ ڈوریا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ”ابھی تک اس بات کا بھی کوئی واضح اشارہ نہیں ہے کہ حادثے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے۔ میں اس دردناک اور بھیانک حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور اور ان کے دوستوں سے تعزیت کرنا چاہتی ہوں۔”
خبروں کے مطابق بس اور ٹرک کے درمیان کچھ لوگ پھنسے ہوئے تھے اور امدادای کارکن انہیں نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے میں مزید نو افراد بری طرح سے زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”ہمیں معلوم ہے کہ گاڑیوں کے ملبے تلے اور بھی متاثرین ہیں لیکن یہ نہیں معلوم کہ اندر کتنے افراد پھنسے ہیں۔”