کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد چھ کروڑ سے متجاوز

Coronavirus

Coronavirus

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، نئے انفیکشن کی رفتار میں تیزی آگئی ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں، حکام نے لوگوں سے تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے دوران گھر پر ہی رہنے کی اپیل کی ہے کیوں کہ کووڈ۔19 کے مریضوں کی وجہ سے ہسپتالوں کے طبی عملے پہلے سے ہی غیر معمولی دباؤ میں ہیں۔

امریکا میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں کووڈ 19 کے دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ یورپ میں بھی پچھلے پانچ دنوں کے دوران دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے جس کے ساتھ ہی اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ہوچکی ہے۔ جب کہ اب تک تین لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

انگلینڈ میں جہاں اگلے ہفتے کے اواخر میں قومی لاک ڈاون نافذ کیے جانے کی خبریں ہیں وہیں جرمنی، اسپین اور اٹلی نے بھی چھٹیوں کے دنوں میں پابندیوں کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے، ان میں گھروں میں مہمانوں کی تعداد کو محدود رکھنا بھی شامل ہے۔