کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف اداکار شہریار منور نے اپنے فوٹو شوٹ پر تنقید کرنے والے شخص کو کرارا جواب دیکر خاموش کرا دیا۔
اداکار شہریار منور ان دنوں اپنے فوٹو شوٹ کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، حال ہی میں انہوں نے سائرہ یوسف کے ساتھ بھی فوٹو شوٹ کروایا تھا جس میں سائرہ کے بولڈ انداز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی چرچہ رہا کیوں کہ ادکارہ کا یہ انداز ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو ایک نظر نہ بھایا لیکن سائرہ کے بعد اب صارفین نے شہریار کو بھی تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جو اسے مہنگی پڑگئی۔
ناصر علی نامی صارف نے شہریار منور کی تصویر پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وہ غریبوں کے براڈلے کوپر لگ رہے ہیں جس پر شہریار بھی خاموش نہ رہے انہوں نے بھی صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ غریب ہونا معاشرتی عیب نہیں ہے لیکن میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں مجھے ایسے گروپ سے وابستہ کرنے کے لئے جوکہ اپنے لئے اور اپنی فیملی کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں جب کہ ایسے لوگ قابل احترام ہوتے ہیں۔
ایک اور صارف نے طنزیہ انداز کے ساتھ کہا کہ نماز بھی پڑھ لو یہ نہ ہو کے اس سے قبل آپ کی نماز پڑھی جائے۔ اس بھارتی صارف کو شہریار منور نے عاجزانہ انداز کے ساتھ جواب دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ میں پانچ وقت کی نماز پڑھتا ہوں اور کبھی کبھار رب العزت کی مہربانی سے تہجد کی نماز بھی نصیب ہو جاتی ہے۔
شہر منور نے یہ بھی لکھا کہ نماز میرے اور رب کے درمیان کا معاملہ ہے اور میرا کام بھی میرے لئے ایک عبادت ہے جب کہ رب حساب کرنے والا ہے لیکن تم لوگوں سے انسٹا گرام پر حساب لینا بند کرو کیوں کہ ایک دن تمھاری بھی نماز پڑھی جانی ہے۔