یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے مغربی گورنری الحدیدہ میں الدریھمی ڈاریکٹوریٹ کے نواحی علاقے القازہ میں ایک وحشیانہ کارروائی کے دوران کم سے کم سات عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جب کہ اس کارروائی میں بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
الدریھمی اسپتال کے ایک ذرائع نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے القازہ گائوں پر توپخانے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت کم سے کم 7 شہری جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے گئے بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو بین الاقوامی طبی ادارے ‘اطبا بلا حدود’ کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یمن کی جوائنٹ فورسز کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہرویوں کی شناخت جاری کی گئی ہے۔ ان کی شناخت منیٰ عثمان حسن عمر، جمعہ محمد مر علی، امیمہ عایش عمر علی، میمونہ عمر علی، ھاجر محمد عمر، محمد عمر علی، محمد فواد، عرفات فواد، راشد عمر منی فواد اور عدنان فواد کے ناموں سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل التحتیا الخوخہ کے مقام پر حوثیوں کے نصب کردہ ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم چھ شہری جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔