انقرہ (اصل میڈیا ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان نے امید ظاہر کی ہے کہ فرانس جلد صدر ایمانوئیل میکرون جیسے بوجھ سے چھٹکارہ حاصل کر لے گا۔
ترک صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ فرانس ایک مشکل اور دشوار دور سے گزر رہا ہے جس میں صدر میکرون اپنے ملک پر بوجھ بن چکے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ فرانس جلد اس بوجھ سے چھٹکارہ حاصل کر لے گا۔
طیب اردوان نے مزید کہا کہ صدر میکرون اپنے بیانات اور طرز عمل سے دنیا بھر میں فرانس کے لیے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور فرانسیسی عوام یہ حقیقت جان چکی ہے اس لیے فرانسیسی صدر کا مستقبل زیادہ روشن نہیں رہا۔
اس موقع پر ویکسین سے متعلق سوال پر ترک صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین کے علاوہ روس سے بھی ویکسین کی خریداری کی بات چیت جاری ہے اور وہ خود بھی ویکسین لگوائیں تاکہ عوام کو ویکسین کے استعمال میں ہچکچاہٹ کا سامنا نہ ہو۔
یاد رہے قبل ازیں صدر طیب اردوان اسلام مخالف بیان دینے پر فرانسیسی صدر کو دماغی معائنے کا مشورہ بھی دے چکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا آغاز پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر شروع ہوا تھا۔