سوڈان (اصل میڈیا ڈیسک) سوڈان کی خود مختار کونسل کے سربراہ عبد الفتاح البرہان نے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوڈانی عبوری شراکت کونسل کی تشکیل آزادی اور تبدیلی پسند قوتون کے ساتھ صلاح مشورے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خودمختاری کونسل اور وزرا نے عبوری مدت کے لیے شراکت کونسل کی منظوری پر اتفاق کیا۔ یہ کونسل آئین کے مطابق متفقہ طور پر تشکیل دی گئی۔
البرہان نے وضاحت کی کہ عبوری مدت کے لئے شراکت کونسل سب کی رضامندی سے طے پائی تھی۔ کسی نے اس پر اعتراض نہیں کیا تھا۔
خودمختار کونسل کے سربراہ نے وعدہ کیا کہ سوڈانی عبوری شراکت کونسل شراکت داروں کے مابین اختلافات کو حل کرنے کے لیے کام کرے گی۔ انہوںنے تردید کی کہ شراکت کونسل کا قیام ریاستی اداروں پرقبضے کا ایک ذریعہ ہے۔
خود مختار کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آزادی اور تبدیلی کی قوتوں نے شراکت کونسل میں شہریوں کو نامزد کیا۔
اس سے قبل سوڈانی کونسل کی وزرا نے اپنی موجودہ شکل میں عبوری مدت کے لیے شراکت کونسل بنانے سے انکار کر دیا۔ تمام فریقین سے آئین کی روشنی میں کونسل تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا۔