کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے کے معاملے پر کراچی بار ایسوسی ایشن نے محکمہ داخلہ سندھ کو خط دیا۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ علی حسن ایڈووکیٹ کے ڈرائیور عباس کے اہل خانہ کو پولیس اہلکاروں نے اغواء کیا تھا، علی حسن ایڈووکیٹ کے اہل خانہ کو دھمکیاں دیں اور کورے کاغذ پر دستخط کرائے گئے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علی حسن ایڈوکیٹ کے پڑوس کے گھروں سے بھی سی سی ٹی وی وڈیوز ضائع کی گئیں، ویڈیو ضائع کر کے ڈرائیور عباس کے قتل کا ثبوت مٹایا گیا لہذا پولیس پارٹی کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکؤوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعدازں ایک خاتون کا بیان سامنے آنے کے بعد مقابلہ مشکوک ہو گیا تھا۔