پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک صورت اختیار کر رہی ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافے سمیت اموات بھی بڑھ رہی ہیں، صوبہ میں کورونا کی دوسری لہر سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہو گئی۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کی دوسری لہرمیں شدت پیدا ہوگئی، صوبہ میں دوسری لہر کے دوران متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار کے قریب ہو گئی، کیسز میں اضافے کے باوجود شہریوں کی بے اعتنائی اورغیرسنجیدگی بھی عروج پر ہے۔
صوبہ کے مختلف اضلاع میں ایک ہی دن میں 4سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی دن میں مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے 10 مریضوں نے دم توڑا، شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں اسی طرح جاری رہیں تو نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پشاورکے سرکاری ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہوگئی ہے جبکہ نجی ہسپتال بھی مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی مجموعی 48 ہزار 683 تک پہنچ چکی ہے۔