لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے کورونا کے باعث جلسوں پر پابندی کی درخواست پر سیکرٹری صحت اور ڈی سی لاہور سے جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں کورونا سے بچاؤ کیلئے سیاسی جلسوں پر پابندی لگانے اور دیگر حفاظتی اقدامات کے احکامات کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سیکرٹری صحت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سے کل جواب طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟۔
درخواست گزار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ کورونا کے شدید پھیلاوٴ کی وجہ سے ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے لگے ہیں، اس عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔ یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ؛ جلسوں اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی درخواست مسترد
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ہسپتالوں میں فارمیسیز کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے، سینئر پروفیسر کی رات کے اوقات میں کورونا وارڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے جو لواحقین کو مریض کی حالت کے بارے میں آگاہ کرے اور ویڈیو کالز کی سہولت بھی یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا ہے جس کے سلسلے میں مریم نواز آج لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گی۔