پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس؛ دھرنے اور استعفوں سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان

PDM

PDM

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا اہم سربراہی اجلاس آج ہورہا ہے جس میں دھرنے اور اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سربراہان شرکت کریں گے، سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف بھی بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوں گے۔

اجلاس میں پی ڈی ایم کے 13 نومبر لاہور کے جلسے کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے۔ پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل کو حتمی شکل بھی دی جائے گی، اس کے علاوہ اسمبلیوں سے استعفوں سمیت دیگر آپشنز بھی زیر غور آئیں گے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے بارہا یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ جنوری میں تحریک انصاف کی حکومت کو جانا ہوگا جب کہ حکومت کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا جاتا رہا ہے کہ دھرنوں اور احتجاج سے حکومت نہیں جانے والی، وزیر اعظم عمران خان آئینی مدت پورے کریں گے۔