کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) جامعہ احسن العلوم کے مہتمم اور معروف علمی شخصیت مفتی زرولی خان کو احسن آباد میں جامعہ کی شاخ کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
مفتی زرولی خان کی نماز جنازہ منگل کو صبح جامعہ احسن العلوم گلشن اقبال سے متصل گرائونڈ میں ادا کی گئی، مفتی زر ولی خان کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے مولانا انور شاہ نے پڑھائی، نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، گرائونڈ میں جگہ کم پڑنے پر شہریوں کی بڑی تعداد نے گراؤنڈ سے متصل گلیوں میں صفیں بناکر جنازے میں شرکت کی۔
نماز جنازہ میں وفاق المدارس کے میڈیا کوارڈی نیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق نماز جنازہ میں وفاق المدارس سندھ کے ناظم مولانا امداداللہ یوسف زئی،مولانا قاری حق نواز، مولانا عبدالرزاق زاہد، مولانا راحت علی ہاشمی، مفتی اکرام الرحمن، مولانا ابراہیم سکھرگاہی سمیت شہر بھر کے جامعات و مدارس جامعہ بنوری ٹائون، جامعہ دارالعلوم کراچی، جامع عبدالرشید، جامعہ فاروقیہ ،جامعہ اشرف المدارس سمیت مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، علمائے کرام و مہتممین و منتظمین اور سماجی شخصیات، مفتی زور ولی کے ہزاروں شاگردوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔