ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ

Cold Weather

Cold Weather

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے باعث ایک بار پھر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کشمیر، گلگت بلتستان بالائی پنجاب اور بالائی خیبرپختون خوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صبح پنجاب کے بعض علاقوں اور سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہی، کراچی میں صبح کے اوقات میں دُھند رہی اور حدِ نگاہ ایک کلو میٹر تک رہ گئی، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور ڈی جی خان میں صبح کے وقت دھند رہی اور آج رات بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جب کہ دھند کے باعث راولپنڈی موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، بالائی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ خطہ پوٹھاہار، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارروال، اور جھنگ میں بارش کی توقع ہے، خیبرپختون خوا میں دیر، چترال، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا، تاہم نصیرآباد اور خضدار میں بارش کی توقع ہے۔