پنجاب کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، سخت پابندیاں عائد

Punjab Lockdown

Punjab Lockdown

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) صوبہ پنجاب میں کرونا کے بڑھتے وار کو روکنے کے لئے مزید شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکریٹری ہیلتھ کیئر پنجاب محمد عثمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی کے انیس اور بہاولپور کے تین علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورنٹ اور دفاتربند رہیں گے۔

سیکریٹری ہیلتھ کیئر کے مطابق جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، وہاں کے علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہوگی اور ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا، لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

محمدعثمان کے مطابق ان علاقوں میں ملک شاپس، چکن ،گوشت، مچھلی شاپس، بیکریاں صبح 7 سے شام7 بجے تک کھلی رہیں گی، اس کے علاوہ گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، آٹا چکیاں صبح نو سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، ساتھ ہی فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیڑول پمپس بھی صبح9سے شام 7 بجے کھولنے کی اجازت ہو گی۔

دوسری جانب این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں کرونا سے سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں، اس کے علاوہ لاہور ،ملتان، راولپنڈی، پشاور میں تشویشناک مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔