سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور بدھ کو صرف 159 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ 13 مریض وفات پا گئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اب مملکت میں کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 359274 ہو گئی ہے۔ان میں سے 6002 مریض وفات پا چکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں حالیہ ہفتوں میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 210 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے۔اب تک مذکورہ کل کیسوں میں سے 349624 مریض تن درست ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق دارالحکومت الریاض میں آج سب سےزیادہ 65 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔مکہ مکرمہ میں 24 اور مدینہ منورہ میں 22 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ اس وقت مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 3448 ہے، ان میں سے 550 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔