لاس اینجلس (اصل میڈیا ڈیسک) نامور پاکستانی اداکارہ نمرہ بُچہ ’’مس مارول‘‘ ٹی وی سیریز کے ذریعے ہالی ووڈ میں انٹری کرنے جا رہی ہیں۔
’’دام‘‘، ’’میرا یقین‘‘ جیسے مقبول ڈراموں اور ویب سیریز ’’چڑیلز‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ نمرہ بُچہ اب ہالی ووڈ میں اداکاری کریں گی۔ نمرہ بچہ مارول اسٹوڈیو کی پہلی پاکستانی مسلم سپر ہیرو ٹی وی سیریز ’’مس مارول‘‘ میں نظر آئیں گی۔
اس بات کی تصدیق خود مارول اسٹوڈیو کی ویب سائٹ پر کی گئی ہے جس میں ’’مس مارول‘‘ کی کاسٹ میں نمرہ بُچہ کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم ابھی یہ بات منظر پر نہیں آئی کہ نمرہ بُچہ ٹی وی سیریز میں کیا کردار ادا کررہی ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: ’’پہلی پاکستانی مسلم سپر ہیرو گرل‘‘ کی جھلکیاں
مارول اسٹوڈیو کی ٹی وی سیریز’’مس مارول‘‘ ایک سپر گرل ’’کمالہ خان‘‘ کی کہانی ہے۔ اس کردار کو 18 سالہ ایمان ولانی ادا کررہی ہیں۔ مارول اسٹوڈیو ’’مس مارول‘‘ کے ذریعے پہلی بار ایک مسلم اور پاکستانی سپر ہیرو گرل متعارف کروارہا ہے۔ ٹی وی سیریز کے مرکزی کردار کا مسلمان اور خصوصاً پاکستانی ہونے کی وجہ سے اس کردار میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
مارول اسٹوڈیو کی اس ٹی وی سیریز کی ہدایات پاکستانی ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے اور ان کے ساتھ مزید 3 نامور ہدایت کارعدیل العربی، بلال فلاح اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرا مینن دیں گی۔ یہ ٹی وی سیریز اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈرنی پلس پر پیش کی جائے گی اور اسے 2021 کے آخر میں پیش کیا جائے گا۔