ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو غیر ملکی قوتوں کی جانب سے ملک میں افراتفری پھیلانے کا ٹاسک ملا ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں استعفوں سمیت بہت سے معاملات پر اختلاف واضح نظر آرہا ہے، پی ڈی ایم ٹولہ ہچکولے کھا رہا ہے جسے واپسی کا راستہ نہیں ملنا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے انہیں ملک کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہو گا۔
دوسری جانب بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر اب خطےکی ہی نہیں عالمی آواز بن چکا ہے جس نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام اور بڑھوتری کے ہمارے دعوے سچ ثابت ہو رہے ہیں، ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں 31 روپے فی کلو کمی خوش آئند ہے۔