بھارت: کسان اب بھوک ہڑتال پر اتر آئے

India Farmers Strike

India Farmers Strike

بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں حکومت کے متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ پیر کو مزید شدت اختیار کر گیا اور ہزاروں کسانوں نے بھوک ہڑتال شروع کر دی۔

متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف قومی دارالحکومت کی سرحدودں کا تقریباً محاصرہ کرلینے والے کسانوں کے احتجاج کا آج انیسواں دن ہے۔ کسانوں نے حکومت پر دباو ڈالنے کے لیے آج بھوک ہڑتال شروع کردی ہے اور ملک بھر میں ضلعی صدر دفاتر پر مظاہرے کررہے ہیں دوسری طرف حکومت جھکنے کے لیے آمادہ نظر نہیں آرہی ہے۔

کسانوں کے احتجاجی مظاہروں سے پیدا شدہ بحران کو دور کرنے کے لیے حکومت میں اعلی سطح پر میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج پیر کے روز وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہائش گاہ پر وزارتی گروپ کی میٹنگ ہوئی۔ اس کے بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے علیحدہ سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

حکومت اور کسانوں کے درمیان بات چیت کے پانچ ادوار ہو چکے ہیں لیکن تعطل اب تک برقرار ہے۔ کسان تینوں متنازعہ قوانین کو واپس لینے سے کچھ بھی کم پر رضامند نہیں ہیں۔ دوسری طرف حکومت نے گو کہ آج کہا کہ وہ کسانوں سے بات کرنے کے لیے جلد ہی ایک بار پھر انہیں مدعو کرے گی تاہم یہ بھی واضح کیا کہ یہ قوانین کسی بھی صورت میں واپس نہیں لیے جائیں گے۔

وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھارت کے اہم تجارتی اداروں کی انجمن ”فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری‘‘ کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا”زرعی شعبے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت نے تینوں نئے زرعی قوانین کسانوں کے مفاد کے لیے بنائے ہیں۔” مرکزی وزیر کا مزید کہنا تھا ”ہم اپنے کسان بھائیوں کو ہمیشہ سننے کے لیے، ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنے اور انہیں بھروسہ دلانے کے لیے تیار ہیں کہ ہماری حکومت ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار ہے۔”

کسان رہنماوں کا تاہم کہنا ہے کہ وہ زرعی قوانین کو واپس لینے سے کچھ بھی کم پر تیار نہیں ہوں گے کیونکہ بھارت میں بی جے پی سمیت تمام حکومتوں کے وعدوں کا سابقہ ریکارڈ انتہائی مایوس کن اور خراب رہا ہے۔

دہلی کے سنگھو بارڈر پر مظاہرہ پر بیٹھے کسان رہنما بلدیو سنگھ سرسا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اب حکومت کو ہی کچھ کرنا ہے، کسان کو نہیں۔ جب تک حکومت زرعی قوانین واپس نہیں لیتی ہے، ہماری تحریک جاری رہے گی۔ حکومت کسانوں کے صبر کا امتحان نہ لے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ”پہلے کسانوں کو پاکستانی کہا گیا، پھر کہا گیا کہ چین اس تحریک کو چلا رہا ہے اور اب حکومت کہہ رہی ہے کہ بائیں بازو کے انتہاپسند نکسلی اس کی قیادت کررہے ہیں۔ ہم اپنا پرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔” کسان رہنما نے مزید کہا کہ احتجاجی مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے اب تک گیارہ کسان اپنی جان قربان کرچکے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کل ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ‘ملک کے ٹکڑے کرنے کی کوشش کرنے والے گینگ‘ سے تعلق رکھنے والے جو لوگ شہریت ترمیمی قانون، آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی اور رام مند ر کے خلاف تھے وہی بائیں بازو کے کردار کسانوں کی تحریک میں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ان کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی۔

قومی دارالحکومت کی سرحدوں پر بیٹھے کسان مظاہرین کا کہنا ہے کہ متنازعہ قوانین واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا اور وہ چھ ماہ کی تیاری کے ساتھ آئے ہیں۔

کسانوں اور دیگر اپوزیشن لیڈروں کا کہنا ہے کہ ان قوانین کی وجہ سے کسان بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کے مزدور بن کر رہ جائیں گے۔انہیں ابھی اپنے پیداوار کی کم از کم قیمت کی جو ضمانت حاصل ہے وہ ختم ہوجائے گی اور بڑے تاجر اپنی مرضی کے مطابق کسانوں کو اپنا اناج اور پیداوار فروخت کرنے کے لیے مجبور کردیں گے۔ کسانوں کی تنظیم بھارتیہ کسان یونین نے ان قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا ہے۔

دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ان قوانین کی منظوری سے قبل ہی حکومت کو تنبیہ کی تھی کہ اسے کسانوں کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن اس کے باوجود حکومت نے اتنے اہم قوانین پر پارلیمان میں خاطر خواہ بحث کرانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی اورصرف پندرہ منٹ کے اندر ‘غلط طریقے‘ سے اسے منظور کرلیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ، گو کہ حکومت کسانوں کی اس تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے مختلف حربے آزما رہی ہے۔ ان پر طرح طرح کے الزامات عائد کرنے کے علاوہ ان کے اند ر پھوٹ ڈالنے کی بھی کوشش کررہی ہے تاہم کسان جس اتحاد کا مظاہرہ کررہے ہیں اور ان کی یہ تحریک جس تیزی سے ملک بھر میں پھیلتی جارہی ہے اسے دیکھتے ہوئے حکومت کا اپنے مقصد میں کامیاب ہونا آسان نہیں دکھائی دیتا ہے۔