اے پی ایس کے معصوم پھولوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو متحد کیا: وزیر خارجہ

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانیت سوز سانحہ آرمی پبلک اسکول کے 6 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اے پی ایس کے معصوم پھولوں کی عظیم قربانی نے پوری قوم کو متحد کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم آج بھی تازہ ہے، اس دن کو پاکستانی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشتگردی جیسے ناسور کو شکست دی، آج قوم ان معصوم بچوں سمیت شہدائے اے پی ایس کو سلام پیش کرتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے، معصوموں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ہم دہشتگردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

خیال رہے کہ 6 سال قبل علم دشمنوں نے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا تھا اور 16 دسمبر 2014 کو مہاجرین کے روپ میں پاکستان داخل ہونے والے سفاک دہشتگردوں نے مقامی افراد کی مدد سے آرمی پبلک سکول پر حملہ کیا تھا اور حصول علم میں مگن بچوں پر فائرنگ کی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے اسکول کا گھیراؤ کیا اور خود کار اسلحے سے لیس کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 خود کش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد ہلاک کیا تھا۔

6 گھنٹے سے زیادہ کے آپریشن کے بعد اسکول کو کلئیر کیا گیا، سانحہ اے پی ایس میں بچوں سمیت تقریباً 150 افراد شہید ہوئے تھے۔