اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع اور اداکارہ عفت عمر سمیت دیگر کو قصور وار قراردے دیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائمز ونگ نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جس میں گلوکارہ میشا شفیع اور اداکارہ عفت عمر سمیت دیگر کو قصور وار قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔
ایف آئی اےسائبر کرائمز ونگ لاہور کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے حکم پر علی ظفر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں میشا شفیع اور عفت عمر سمیت 8 افراد علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم میں ملوث پائے گئے۔
چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے مگر تحقیقات میں وہ کوئی شواہد پیش نہیں کر سکے۔
ایف آئی اے نے استدعا کی ہے کہ عدالت عبوری چالان پر کارروائی کا آغاز کرے۔