واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کووِڈ-19 کا شکار ایک شخص سے رابطے کے بعد قرنطین میں چلے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’56 سالہ مائیک پومپیو کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کیا گیا ہے لیکن اس کا نتیجہ منفی رہا ہے۔اس کے بعد کرونا وائرس سے بچاؤ کی رہ نما ہدایات کے تحت وہ قرنطین میں رہیں گے۔محکمہ کی میڈیکل ٹیم ان کی قریب نظری سے نگرانی کررہی ہے۔‘‘
محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ذاتی تحفظ کے پیش نظر اس متاثرہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی، جس سے مائیک پومپیو کا ٹاکرا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ امریکا کا سیکرٹری آف اسٹیٹ صدر ، نائب صدر، ایوان نمایندگان کے اسپیکر اور سینیٹ کے قائم مقام صدر کے بعد عہدے کے اعتبار سے پانچویں مگر صدر کا منصب خالی ہونے کی صورت میں صدرنشینی کے لیے چوتھے نمبر پر ہوتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اکتوبر میں کووِڈ-19 کا شکار ایک فرد سے رابطے میں آنے کے بعد تین دن تک اسپتال میں رہے تھے۔ان کی اہلیہ میلانیا اور بیٹا بیرن بھی اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
خود صدر ٹرمپ عوامی اجتماعات یا میل ملاقاتوں میں چہرے پر ماسک نہیں پہنتے ہیں۔ البتہ مائیک پومپیو بیرون ملک دوروں کے موقع پر غیرملکی لیڈروں سے ملاقات کے وقت ماسک پہنتے رہے ہیں۔
پومپیو اور ان کی اہلیہ سوسن نے منگل کے روز سمندرپار خدمات انجام دینے والے امریکی سفارت کاروں کے لیے ایک پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق پومپیو نے اس تقریب میں تقریر کرنا تھی لیکن انھوں نے یہ تقریر منسوخ کردی تھی۔
اخبار کے مطابق اس تقریب میں شرکت کے لیے 900 سے زیادہ دعوت نامے بھیجے گئے تھے لیکن بند کمرے میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں صرف 70 لوگ شریک ہوئے تھے۔
امریکا کے محکمہ صحت کے حکام بند کمرے میں بڑے اجتماعات منعقد کرنے کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں کیونکہ اس طرح کرونا وائرس پھیلنے کے زیادہ امکانات ہوسکتے ہیں۔امریکا میں اب تک کووِڈ-19 سے تین لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دریں اثناء سی این این ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے یہ اطلاع دی ہے کہ مائیک پومپیو آیندہ چند روز میں نومنتخب صدر جوزف بائیڈن کے نامزد سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلینکن سے ملاقات کرنے والے تھے اور اس کا وقت بھی طے ہوچکا ہے۔
مائیک پومپیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے وفادار حامیوں میں شمار ہوتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے ابھی تک جوبائیڈن کی 3 نومبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات میں جیت کو تسلیم نہیں کیا ہے،اس لیے پومپیو کی نامزد وزیر خارجہ بلینکن سے ملاقات خود ان کے لیے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔