کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان کے ضلع پنجگور، خاران اور کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 8 افراد جبکہ ضلع سوراب اور مستونگ میں ٹریفک حادثے میں تین افراد جان بحق ہو گئے۔
لیویز حکام کے مطابق پنجگور کے علاقے پروم میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے۔
فائرنگ میں ہلاک افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ خاران میں پیش آیا جہاں کوشک روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد میر احمد اور بلوچ خان جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کی بنا پر پیش آیا۔
کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر موٹرسائیکل چھینے کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
اس کے علاوہ ضلع قلات کے علاقے سوراب میں کار الٹنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔
مستونگ کے علاقے گنج ڈوری میں کار کی ٹکر سے ایک موٹرسائیکل سوار گل خان موقع پر جان بحق ہو گیا۔