ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی اپوزیشن رہ نما اور مجاھدین خلق کی سربراہ مریم رجوی نے حکومت پر کرونا ویکسین کے حصول اور اس کی خریداری سےفرار اختیار کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ سپرلیڈر آیت اللہ علی خامنہ اور صدر حسن روحانی ایران میں 1 لاکھ 92 ہزار افراد کے کرونا سے اموات کے ذمہ دار ہیں۔ ان کی غلط اور ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن گئے۔
ٹویٹر اکائونٹ پر پوسٹ ایک بیان میں مریم رجوی نے کہا کہ خامنہ اور روحانی کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں، لا پرواہی اور مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں ایران میں ایک لاکھ 92 ہزار افراد وبا کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کا گندہ کھیل مزید انسانی جانوں کے ضیاع کا موجب بنے گا۔ مظلوم ایرانی عوام حکومت کی غلط پالیسیوں کا ابھی مزید خمیازہ بھگتیں گے۔
مریم رجوی نے کہا کہ ایرانی حکومت ایگزیکٹو کمیٹی اور خامنہ ای کے احکامات پرعمل درآمد کے انتظار میں کئی ماہ سے کرونا ویکسین کی خریداری کی رٹ لگائے ہوئے ہے مگر اس باب میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ میں صحت کمیٹی کے چیئرمین حسن علی شہریاری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حکومت کرونا ویکسین کے حصول کے لیے فنڈنگ میں ناکام رہی ہے۔
‘ایسنا’ نیوز ایجنسی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شہر یاری نے کہا کہ ایرانی حکومت کو ویکسین کی خریداری کے لیے جلد از جلد ضروری اقدامات اور پیسوں کا انتظام کرنا ہوگا تاکہ ہم وہ رقم بیرون ملک بھیج کر ویکسین خرید سکیں۔