لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پولیس نے 7 سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
لاہور میں کمسن بچی کو اغوا کے بعد قتل کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے کی لرزہ خیز واردات ہوئی جہاں کل صبح 7 سالہ بچی عائشہ گھر کے پاس سے لاپتا ہوگئی تھی جس پر بچی کے والد نے تھانے میں اطلاع دی تو پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق بچی کی لاش کل شام ہی ساڑھے 7 بجے کے قریب موہلنوال کے قریب تالاب سے ملی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات پر محلے دار خاتون نے بتایا کہ اس نے بچی کو اس کے رشتے دار رضوان کے ساتھ جاتے دیکھا تھا جس پرپولیس نے خاتون کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم رضوان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ چیز دلانے کے بہانے بچی کو بہلاکر ساتھ لے گیا، اس نے پہلے بچی کو قتل کیا اس کے بعد لاش کی بے حرمتی کرتے ہوئے زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ اس کا ساتھی ملزم اللہ دتہ اس سارے عمل کی نگرانی کرتا رہا اور پھر بعد اس نے بھی بچی سے زیادتی کی۔
پولیس کاکہنا ہےکہ ملزم رضوان کے ساتھ اللہ دتہ کو بھی گرفتار کرکے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔