لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانوی دارالحکومت لندن کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث ویران ہو گیا ہے اور نئی قسم کے کورونا کی وجہ سے ہر جگہ خوف کے سائے پھیلے ہیں۔
لندن کی اہم شاہراہیں ویران ہو چکی ہیں اور جہاں ہر وقت سیاحوں کا رش رہتا تھا وہاں اب خوف کے سائے پھیلے ہیں۔
ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ ، برطانوی پارلیمنٹ، آکسفورڈ اسٹریٹ ، بکھنگم پیلس اور ٹریفولگر اسکوائر جہاں کبھی ہر وقت مظاہرین ، سیاحوں اور خریدروں کا ہجوم رہتا تھا ، اب وہاں کورونا اور اس کی پابندیاں باقی ہيں۔
کورونا کے ایک کے بعد ایک وار کی وجہ سے نت نئی پابندیوں نے شہر کو خالی کردیا ہے۔
برطانوی حکومت کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں مزید 41 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اور 24 گھنٹوں میں 357 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے اور نئی قسم کے کورونا کے بعد یورپ سمیت دنیا کے مختلف ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
نئی قسم کا کورونا وائرس جو کہ نہایت تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، اسے روکنے کے لیے لندن سمیت برطانیہ کے متاثرہ علاقوں میں چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔