امیر قطر کا سعودی عرب میں ‘جی سی سی’ سربراہ اجلاس میں شرکت کا اعلان

Tamim bin Hamad Al Thani

Tamim bin Hamad Al Thani

قطر (اصل میڈیا ڈیسک) قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے ‘جی سی سی’ سربراہ اجلاس میں آج منگل کے روز شرکت کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قطر شاہی دربار کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر سعودی عرب میں جاری سربراہ اجلاس میں شرکت کریں‌ گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکت کے امیرالشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ برادر ملک سعودی عرب کے العلا شہر میں آج منگل کے روز ‘جی سی سی’ کے 41 ویں سربراہ اجلاس میں اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ شرکت کریں‌ گے۔

قبل ازیں کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان جاری کشیدگی ختم ہوگئی ہے اور دونوں ممالک نے فضائی، بری اور سمندری حدود کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کویت کے امیر الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور قطر کے امیر کوالشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے الگ الگ ملاقات کی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان سنہ 2017ء کے بعد بائیکاٹ چلا آ رہا ہے۔ قطر کا بائیکاٹ کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر بھی شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چار سال کے بعد دونوں خلیجی ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔