لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم قوم کے باپ کی مانند ہوتا ہے انہیں وہاں ضرور جانا چاہیے تھا۔
جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، بیگناہ مزدروں کا بہیمانہ قتل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری سے ساتھ یہ ظلم بہت عرصے سے ہورہا ہے، لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں سڑک پررکھ کر بیٹھے ہیں، ان کے دکھوں اور زخموں کا مداوا نہیں ہوسکتا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، سانحہ مچھ پر پوری قوم سوگوار ہے، اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم قوم کے باپ کی مانند ہوتا ہے انہیں وہاں جانا چاہیے تھا، مجھے بھی سیکیورٹی تھریٹ تھا لیکن میں میں نواز شریف کا پیغام لیکر وہاں جا رہی ہوں۔
نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مجھے افسوس ہے آپ کو قوم کا احساس نہیں ہے، قوم کی مائیں بیٹیاں آپ کے انتظار میں بیٹھی ہیں اور آپ مشیروں اور وزیروں کو بھیج رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، متاثرہ خاندانوں سے اپیل کروں گی کہ اپنے پیاروں کی تدفین کر دیں، مجھے امید ہے انہیں انصاف ضرور ملے گا۔