لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس پنجاب اسمبلی پر بھاری پڑ گیا جس کے اب تک 4 ارکان وائرس سے انتقال کرگئے۔
کورونا وائرس 2 خواتین اور 2 مرد ارکان پنجاب اسمبلی کے لیے جان لیوا ثابت ہوا جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء سمیت متعدد ارکین کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے۔
تحریک انصاف کی شاہینہ رضا، مسلم لیگ (ن) کی منیرہ یامین ستی، مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن منیر مسیح کھوکھر اور مسلم لیگ (ن) ہی کے شوکت منظور چیمہ کورونا وبا کے باعث انتقال کر گئے۔
اسمبلی قواعد کے مطابق شاہینہ رضا کی جگہ ثانیہ کامران، منیرہ یامین ستی کی جگہ سلمی بٹ، منیر مسیح کھوکھر کی جگہ سردار رمیش سنگھ اڑوڑا نے منتخب نشستوں پر ارکان اسمبلی کا حلف اٹھا لیا جب کہ شوکت منظور چیمہ کی نشست پر ضمنی الیکشن کا اعلان کیا گیا ہے۔