دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور ہالی وڈ اداکارہ نتالی پورٹ مین نے تصویر کی فرمائش پر ان کو جھاڑ پلادی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ رنبیر کپور نے 2016 میں کپل شرما شو کے دوران انکشاف کیا کہ نیو یارک میں مشہور ہالی وڈ اداکارہ نتالی پورٹ مین نے تصویر لینے کی فرمائش پر انہیں جھاڑ پلاتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں سے دفع ہو جاؤ، رنبیر کپور نے کہا کہ وہ ہالی ووڈ اداکارہ نتالی پورٹ مین کے بہت بڑے مداح بھی ہیں۔
رنبیر کپور نے شو میں بتایا کہ مجھے واش روم جانا تھا جس کی وجہ سے میں ہوٹل جانے کے لیے سڑک پر تیزی سے بھاگ رہا تھا کہ اچانک ہالی وڈ اداکارہ نتالی پورٹمین فون پر بات کرتے ہوئے میرے برابر سے گزریں، جب میں نے نتالی پورٹ مین کو دیکھا تو سوچا ساتھ میں ایک تصویر لی جائے اور میں فوراً اداکارہ کے پاس جا پہنچا۔
رنبیر کپور نے کہا کہ نتالی پورٹ مین کو دیکھ کر اتنی خوشی ہوئی کہ میں یہ بھی نہ دیکھ پایا کہ اداکارہ فون پر بات کرتے ہوئے رو رہی تھی تاہم جیسے ہی میں نے نتالی پورٹ مین سے ساتھ تصویر لینے کی فرمائش کی، اداکارہ نے پلٹ کر مجھے غصے سے دیکھا اور کہا کہ دفع ہو جاؤ یہاں سے۔
رنبیر کپور نے کہا کہ نتالی پورٹ مین کے اس جواب نے میرا دل توڑ دیا تھا تاہم ایسا نہیں کہ میں نتالی کو اب پسند نہیں کرتا، میں اب بھی ہالی ووڈ اداکارہ کا مداح ہوں اور اگر وہ مجھے اب بھی ملیں تو میں اب بھی ان سے تصویر لینے کی فرمائش کروں گا۔