کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ مزدوروں کیلئے اسمارٹ کارڈ لا رہے ہیں،6 لاکھ 30ہزار افراد کو کارڈ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مزدور کو جو بھی سہولت دیں گے وہ کارڈ کے ذریعے ملے گی، اسمارٹ شناختی کارڈ جیسا کارڈ مزدور کا اےٹی ایم اور ہیلتھ کارڈ بھی ہوگا۔
صوبائی وزیر سعید غنی کے دورے پر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری (نکاٹی) میں تقریب ہوئی ۔ نکاٹی کے صدر فیصل معیز خان نے خطبہ استقبالیہ میں گیس پریشانی کے بعد محکمہ لیبر، ای او بی آئی اور سیسی کو دوسری بڑی پریشانی قرار دیا۔
سعید غنی نے کہا کہ انتظام بہتر بنانے کے لیے صنعتی شعبے کی مشاورت سے فارمولا طے کررہے ہیں۔ روزگار کی فراہمی اور مزدوروں کو سہولیات صنعتی ترقی سے ہی ممکن ہے۔
سعید غنی نے بتایا کہ آئندہ ہفتے سے بے نظیر مزدور کارڈ جاری کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کررہےہیں۔ ابتدا میں کارڈ سیسی میں رجسٹرڈ ساڑھے چھ لاکھ مزدوروں کو جاری ہوں گے اور پھر مرحلہ وار اس میں سندھ کے تمام مزدور شامل ہوں گے، مزدور اپنی رجسٹریشن خود کرائے گا۔
صوبائی وزیرتعلیم و محنت نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد محنت کا انتظام صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
صوبائی وزیر نے ساتھ کہا کہ ذلفی بخاری محنت کے وزیر نہیں بلکہ یہ قلم دان وزیراعظم کے پاس ہے۔