ترکی: صحت کے عملے سے 8 لاکھ افراد کو حفاظتی ٹیکے لگا دئیے گئے

Vaccinations

Vaccinations

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی نے پوری رفتار سے جاری کورونا ویکسین مہم کے ساتھ کئی ہفتے پہلے سے ویکسین مہم شروع کرنے والے ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ویکسین مہم کے پہلے مرحلے میں 13 جنوری سے اب تک صحت کے عملے سے تقریباً 8 لاکھ افراد کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔ معاشرے کے ترجیحی طبقے سمیت عوام کو ویکسین لگانے کا کام بلاتعطل اور پوری رفتار سے جاری ہے۔

وزیر صحت فخر الدین کھوجا نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ترکی میں یومیہ ڈیڑھ سے 2 ملین حفاظتی ٹیکے لگانے کا امکان موجود ہے۔

یورپی یونین نےاگرچہ ماہِ دسمبر کے اواخر سے ویکسین مہم شروع کی لیکن مہم مطلوبہ رفتار سے نہیں چل رہی۔

اٹلی نے ویکسین مہم کا آغاز 27 دسمبر سے کیا ۔ اٹلی وزارت اعظمیٰ ہنگامی ترسیل کمشنر دفتر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 17 جنوری تک 11 لاکھ 53 ہزار 501 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

اٹلی اگرچہ یورپی یونین میں سب سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے والا ملک ہے لیکن داخلہ سیاست میں اسے ” سست رفتار ویکسین مہم” جیسی تنقیدوں کا سامنا ہے۔

جرمنی نے 15 جنوری بروز جمعہ تک 10 لاکھ 50 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا اعلان کیا۔

اسپین نے 27 دسمبر کو مہم کا آغاز کیا اور 15 جنوری تک 7 لاکھ 68 ہزار 950 افراد کو ویکسین لگائی۔

فرانس وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ویکسین مہم 27 دسمبر کو شروع کی گئی اور 17 جنوری تک 4 لاکھ 22 ہزار 127 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔

ہالینڈ میں ویکسین مہم 6 جنوری کو شروع ہوئی اور 17 جنوری تک 55 ہزار ویکسین خوراکیں استعمال کی گئیں۔

بلجئیم میں کورونا کے خلاف حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم 28 دسمبر کو شروع ہوئی اور 16 جنوری تک 96 ہزار 402 افراد کو ٹیکے لگائے گئے۔

یورپی یونین سے باہر یورپی ممالک میں سے انگلینڈ نے 8 دسمبر کو ویکسین مہم شروع کی اور 17 جنوری تک 3.8 ملین شہریوں کو حفاظتی ٹیکوں کی پہلی خوراک لگا دی گئی۔