اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے تیاریاں کرلی ہیں۔
احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی عمارت کے سامنے رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگادی گئی ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کی عمارت تک کے راستے کو مکمل سیل کردیا گیا ہے، مظاہرین سرینگر ہائی وے سے ریڈ زون میں داخل ہو سکیں گے۔
اس ضمن میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے کہ جس جرم کا اعتراف ہو چکا اُس پر فیصلہ سُنایا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کا سیاست میں عمل دخل ختم کرنا چاہتے ہیں، (ن) لیگ کے کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔
علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے، ان کا کہنا ہے کہ وہ آج عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کی جیت کا جشن منائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کا گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے۔