کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہر کا مجموعی درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے جب کہ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی جاری کر دی۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق آج (جمعرات) اور کل (جمعے) کو شہر کا کم سے کم پارہ 11 سے 13 ڈگری کے درمیان جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،بیشتر وقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں جبکہ مختصر وقت کے لیے سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں، ہواؤں کی رفتار گزشتہ دنوں کے مقابلے میں معتدل رہ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہرکا کم سے کم پارہ 11.5 اور زیادہ سے زیادہ 25.1 ڈگری ریکارڈ ہوا،شمالی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار15 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی،صبح کے وقت دھند کے سبب حدنگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3 کلومیٹررہ گئی تھی، آج موسم جزوی طورپر سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 24 جنوری سے سرد موسم میں شدت کا امکان ہے ،سردی کی نئی لہر 26 جنوری تک برقرار رہے گی۔