امریکا کے عالمی نشریاتی اداروں میں ٹرمپ کے مقرر کردہ مزید اعلیٰ عہدے دار فارغ

Joseph Biden

Joseph Biden

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے وفاقی بجٹ سے چلنے والے تین بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے سربراہوں کو صدر جوزف بائیڈن کی انتظامیہ نے ملازمتوں سے فارغ کر دیا ہے۔

امریکا کی ایجنسی برائے گلوبل میڈیا کی قائم مقام سربراہ کیلو شاؤ نے ریڈیو فری یورپ/ریڈیو لبرٹی کے ڈائریکٹر ٹیڈ لی پئین، ریڈیو فری ایشیا کے ڈائریکٹراسٹیفن ییٹس اور مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ نیٹ ورکس کی ڈائریکٹر وکٹوریا کوٹس کو فارغ خطی دے دی ہے۔ انھیں سبکدوش صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایک ماہ قبل ہی ان عہدوں پر مقرر کیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل وائس آف امریکا (وی اواے) کے ڈائریکٹر اور ان کے نائب کو ہٹا دیا گیا تھا اور کیوبا براڈ کاسٹنگ کے دفتر کے سربراہ اپنے عہدے سے ازخود سبکدوش ہوگئے تھے۔

صدر بائیڈن نے بدھ کو اقتدار سنبھالنے کے دو گھنٹے بعد ہی امریکا کی ایجنسی برائے گلوبل میڈیا کے سابق صدرکے مقرر کردہ سربراہ میشال پیک سے استعفا لے لیا تھا۔ڈیموکریٹکس نے ان پر وائس آف امریکا اور اس کے سسٹر نیٹ ورکس کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں پروپیگنڈا مشینوں میں تبدیل کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔

صدر بائیڈن نے نشریاتی اداروں کے جن عہدے داروں کو برطرف کیا ہے، میشال پیک نے انھیں دسمبر ہی میں مقرر کیا تھا۔یہ توقع کی جارہی ہے کہ وہ سرکاری نشریاتی اداروں میں مزید تبدیلیاں بھی لائیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت نے وائس آف امریکا کو دوسری عالمی جنگ کے دوران میں قائم کیا تھا۔کانگریس کے عطاکردہ چارٹر کے تحت یہ نشریاتی ادارہ عالمی ناظرین اور سامعین کو آزاد خبریں اور معلومات فراہم کرنے کا پابند ہے۔