الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) تین بڑی یورپی طاقتوں برطانیہ ، فرانس اور جرمنی نے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پر حوثی ملیشیا کے فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔
ان تینوں ممالک نے سوموار کو ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ 23 جنوری کو الریاض پر حملے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ ’’اسلحہ کے پھیلاؤ، میزائلوں اور ڈرونز کے استعمال سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ہم سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے ہفتے کے روز الریاض کی جانب داغے گئے ایک ڈرون کو سراغ لگا کر ناکارہ بنا دیا تھا۔اس کو یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں نے داغا تھا۔
ان تینوں یورپی طاقتوں سے قبل امریکا نے بھی اس فضائی حملے کی مذمت میں بیان جاری کیاہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا اپنے اتحادی سعودی عرب کا اس طرح کے حملوں کے مقابلے میں علاقائی دفاع کرے گا اور وہ الریاض میں حالیہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔بظاہر یہ حملہ شہریوں کو ہدف بنانے کی کوشش تھا۔اس طرح کے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور ان سے امن واستحکام کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔