فرانس ایرانی جوہری معاملے پر امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار

Emmanuel Macron

Emmanuel Macron

فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک ایرانی جوہری معاملے اور لبنان کی صورت حال کے حوالے سے امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

ماکروں کا یہ موقف اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ اتوار کی شام ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سامنے آیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے ماکروں کے ساتھ بات چیت میں نیٹو اتحاد اور یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر روشنی ڈالی۔ بائیڈن کے مطابق ان کی انتظامیہ فرانس کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس سے قبل پیرس میں الیزے پیلس کے ذرائع نے بتایا تھا کہ آنے والے مہینوں کے دوران ماحولیات، دنیا بھر میں کرونا ویکسین کی تقسیم اور عالمی تجارت کے حوالے سے بات چیت مرکزی اہمیت کی حامل رہے گی۔

واضح رہے کہ واشنگٹن ایک بار پھر ماحولیات سے متعلق پیرس سمجھوتے اور عالمی ادارہ صحت میں شامل ہو گیا ہے۔ اس سے قبل چار برس تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سمجھوتے کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔

یاد رہے کہ ماکروں اور بائیڈن نے گذشتہ برس امریکی انتخابات کے چند روز بعد دس نومبر کو ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔

الیزے پیلس کے مطابق ماکروں یورپی یونین میں شامل پہلے صدر ہیں جن سے جو بائیڈن نے کرسی صدارت سنبھالنے کے بعد ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ یہ چیز دونوں صدور کے درمیان قریبی تعاون کی خواہش کو ظاہر کر رہی ہے۔

فرانسیسی ایوان صدارت کا کہنا ہے کہ ماکروں یورپی یونین اور امریکا کے درمیان “تجدیدی مکالمہ قائم” کرنے کے خواہاں ہیں۔