لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ بغیر قانون ای چالان کرنے پر حکومت کو شرم آنی چاہیے۔
لاہور ہائی کورٹ نے گاڑیوں کے ای ٹکٹنگ چالان کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے سیف سٹی اتھارٹی سے ای چالان کرنے کا عدالتی حکم طلب کرلیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیے کہ حکومت کوشرم آنی چاہیے، قانون موجود نہیں تو ای چالان کیسے کیے جارہے ہیں؟ قانون کے بغیر ہی لوگوں سے رقم وصول کی جارہی ہے، کس قانون کے تحت ای چالان کیے جارہے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں اعتراف کیا کہ ابھی تک ای چالان سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں، ہم عدالتی حکم کے مطابق ای چالان کی مد میں پیسے وصول کررہے ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسمبلی نےقانون پاس نہیں کیا تو کیسے وصولیاں ہوسکتی ہیں، آئندہ سماعت پر وہ عدالتی حکم دکھائیں جس کے تحت وصولی کررہے ہیں۔