اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی وزیر منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کی 70 لاکھ خوراکیں مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی۔ پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے پروگرام کے تحت ملیں گی۔
پاکستانی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتہ 30 جنوری کی شب ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ایک خصوصی ہوائی جہاز چین بھیجا جا رہا ہے جو چینی ویکسین سینوفارم کی پانچ لاکھ خوراکیں لائے گا۔ یہ ویکسین طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈھائی لاکھ سے چار لاکھ تک کارکنوں کو لگائی جا سکے گی۔
امید کی جا رہی ہے کہ چین 220 ملین آبادی والے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو سینوفارم ویکسین کی مزید ایک ملین خوراکیں بطور امداد فراہم کرے گا۔
اسد عمر کے مطابق پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے پروگرام ‘کو ویکس‘ کی جانب سے آسٹرا زینیکا نامی کورونا کے بچاؤ کی ویکسین کی کُل 17 ملین خوراکیں ملیں گی جن میں سے سات ملین مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی جبکہ بقیہ 10 ملین خوراکیں رواں برس کی دوسری ششماہی میں پاکستان کو ملے گیں۔
کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 544,813 رپورٹ کی گئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کم آمدنی والے ممالک کی مدد کے لیے ویکسین کی تقسیم کے پروگرام ‘کو ویکس‘ میں پاکستان نے گزشتہ برس شمولیت اختیار کی تھی۔
پاکستان میں آسٹرا زینیکا اور چینی سینوفارم ویکسین کے استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ امید ہے کہ ملک میں روسی ویکسین سپٹنِک فائیو کے استعمال کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں ویکسین لگانے کا عمل نئے ہفتے میں ہی شروع ہو جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب 34 مزید افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ اسی دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 1,599 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔ کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 544,813 رپورٹ کی گئی ہے جبکہ کووڈ انیس کے سبب اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 11,657 ہے۔