ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ہمارے پیش نظر نیا آئین صدارتی نظام حکومت اور ہمارے دورِ حکومت میں حاصل کی گئی تاریخی ترقی کی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے گا۔
صدر ایردوان نے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے مرکزی دفتر سے ،آرتوین، بلیجک، چانکری، غازی آنتیپ اور اعدر کے 7 ویں معمول کے ضلعی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے ملکی مفادات و حقوق کے تحفظ کے لئے مصمم ارادے کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں۔ اس وقت تک ہم نے اس راستے میں جو قربانیاں دی ہیں انہیں ضائع ہونے سے بچانے اورحاصل کردہ کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لئےہم مسلسل کام کر رہے ہیں۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ یہ، عالمی سیاسی و اقتصادی توازنوں میں لرزے کا دور ہے اور اس وقت ہماری کوششوں کا مقصد آئندہ عالمی توازن میں اپنے ملک کو مضبوط جگہ دلوانا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں اور تمام سول سوسائٹیوں کا ہماری اس جدوجہد کے ساتھ تعاون کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں بھی ہم نے جو کرنا ضروری تھا وہ کیا ہے اور کرنا جاری رکھیں گے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ایک روز قبل اپنی آئینی و اقتصادی اصلاحات سے ملت کو آگاہ کرنے کے دوران ہم نے کہا تھا کہ سول آئین کی ضرورت پر بحث کا وقت بھی آ گیا ہے ۔ یہ آئین اس تاریخی ترقی کی بنیادوں پر استوار کیا جائے گا کہ جو ہمارے دورِ حکومت میں ملک نے کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئین کی تیاری کا کام ایک وسیع و جامع کام ہے جو ملک کے تمام طبقوں کی شرکت سے پُر معنی شکل اختیار کرے گا۔ ہم مثبت کردار ادا کرنے کے خواہش مند ہر شخص کو اس کام میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔