اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) حکمران جماعت تحریک انصاف سے سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ ممبران نے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں سے متعلق اپنی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری، ثانیہ نشتر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے نام سفارشات میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بورڈ نے سینیٹ الیکشن کے لیے بابر اعوان، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور نیلوفر بختیار کے نام بھی وزیراعظم کو دیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کو خیبرپختونخوا سے دوبارہ سینیٹر بنانے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور اتحادی جماعت (ق) لیگ سے کامل علی آغا کا نام بھی سفارشات میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کی کارروائی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری وزیراعظم آئندہ کچھ روز میں دیں گے۔