کیلیفورنیا: گوگل نے دھڑکنوں اور سانسوں کا حساب بتانے والے موبائل فون متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔
گوگل کی جاری کردہ ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہ اپنے پکسل اسمارٹ فونز میں دل کی دھڑکن اور سانس کی آمد و رفت کی شرح بتانے کا فیچر متعارف کروایا جارہا ہے۔ اس موبائل فون سے دل دھڑکنے اور سانس کی شرح بتانے کے لیے اسمارٹ واچ کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
بلاگ پوسٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گوگل کی یہ سروس اینڈرائٹ رکھنے والے دیگر اسمارٹ فونز پر بھی متعارف کروادی جائے گی۔ سانس کی آمدورفت اور دل کی دھڑکن کی شرح بتانے کے لیے موبائل فون کا فرنٹ کیمرہ استعمال کرنا ہوگا۔ اس سروس کے استعمال کے بعد گوگل یہ بھی بتا سکے گا کہ کسی شخص نے ایک منٹ میں کتنی مرتبہ سانس لیا ہے۔ گوگل نے اس کے ساتھ ہی وضاحت کی ہے کہ ان یہ دونوں فیچرز تندرست رہنے میں مدد فراہم کرنے اور صحت کی عمومی دیکھ بھال کے لیے فراہم کیے جائیں گے تاہم اسے طبی مسائل میں کسی تشخیص کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
گوگل کے اعلان کے مطابق یہ سروس بتدریج تمام اینڈرائیڈ استعمال کرنے والے فونز پر فراہم کردی جائے گی تاہم فی الحال گوگل کے پکسل اسمارٹ فون پر ہی یہ سروس دستیاب ہوگی۔ بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ سروس آئندہ ماہ سے گوگل فٹ ایپ میں شامل کردی جائے گی۔
بلاگ پوسٹ میں کہا گیاہے کہ گوگل کی ٹیم میں شامل محققین، انجینیئرز اور ماہرین اس بات پر مسلسل ایسے کم خرج سینسزر اور روزمرہ استعمال کے آلات تیار کرنے کی جستجو میں ہے جن کے ذریعے عوام کو اپنی صحت کا خیال رکھنے سے متعلق زیاہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنا ممکن ہو۔