یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے ایک دھماکا خیز ڈرون طیارے کو فضا میں تباہ کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کے ذریعے ابہا کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
عرب اتحاد کے مطابق ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے جارحیت کی تمام تر کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ دہشت گردی کی ان کوششوں کا مقصد منظم اور دانستہ طور پر شہری تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانا ہے۔
اس سے قبل جمعے کی صبح عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی سمت بھیجے گئے دھماکا خیز ڈرون طیارے کو تباہ کر دینے کا اعلان کیا تھا۔
جمعرات کی شام بھی ایک ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ ڈرون حوثی ملیشیا نے مملکت کی سمت بھیجا تھا۔
جرمنی ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر حملوں کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔