یمن (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد نے یمنی حوثیوں کے سعودی عرب کی جانب چھوڑے گئے بارود سے لدے دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔ان دونوں ڈرونز سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ڈرون حملے کے ذریعے منظم طریقے سے شہریوں اور شہری ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔گذشتہ چار روز میں یمن سے سعودی عرب کی جانب اس طرح کا یہ چوتھا حملہ ہے۔
ایران کی حمایت یمن کی حوثی تحریک نے گذشتہ ہفتے عشرے سے ایک مرتبہ پھر سعودی عرب کی جانب ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے تیز کردیے ہیں۔ان میں سے بعض میزائل سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گرے ہیں۔ابھا شہر یمن کی سرحد سے کوئی 120 کلومیٹر دور واقع ہے۔
حوثیوں نے گذشتہ بدھ کو ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ڈرون سے حملہ کیا تھا جس سے وہاں کھڑے ایک سویلین طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔تاہم امدادی کارکنان نے کسی بڑے نقصان سے قبل طیارے میں لگی آگ پر قابو پا لیا تھا۔
یمنی حوثیوں نے بعد میں ایک بیان میں ابھاکے ہوائی اڈے پر ڈرون حملے کی ذمے داری قبول کرلی تھی۔سعودی عرب نے ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ اطلاع دی تھی کہ ابھا کے ہوائی اڈے پر حملے کے لیے استعمال کیا گیا ڈرون ایرانی ساختہ ایس یو وی کے مشابہ تھا۔
عرب اتحاد نے گذشتہ روزایک بیان میں کہا تھاکہ’’ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی کوشش اور شہری مسافروں کے جان ومال کو خطرے میں ڈالنا ایک جنگی جُرم ہے۔‘‘