پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) جمعیت علما اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطاالرحمان نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کی ہر جماعت کو ایک ایک سیٹ ملے گی لیکن کون سی سیٹ کسی جماعت کو ملے گی اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
پشاور میں پی ڈی ایم کے صوبائی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے مولانا عطاالرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کے صوبائی قائدین کے اجلاس میں سینیٹ الیکشن اور لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت ہوئی اور 26 مارچ کو لانگ مارچ میں بھرپورشرکت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو ایک ایک سیٹ ملے گی اور کون سی سیٹ کس جماعت کو ملے گی یہ فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
مولانا عطاالرحمان کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی کی خواہش ہے کہ سینیٹ الیکشن میں خریدو فروخت نہ ہو، سینیٹ الیکشن آئین میں طے شدہ طریقہ کار پر ہونا چاہیے۔
دوسری جانب پیپلپزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان نے کہا کہ ویڈیو اسیکنڈل میں خود ایم پی ایز کہتے ہیں کہ رقم ان کو اسپیکر ہاؤس میں دی گئی ہے، ویڈیو اسیکنڈل میں پرویز خٹک اور اسد قیصر کا نام آیا ہے ان کو عہدے چھوڑدینے چاہیے۔